پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے فاسٹ بائولر حارث رؤف کا سینٹرل کنٹریکٹ ختم کردیا ہے۔
یہ فیصلہ دورہ آسٹریلیا 24-2023 ء کے لیے پاکستان کے ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ہونے سے ان کے انکار کی تحقیقات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔ پی سی بی کی ایک کمیٹی کی طرف سے مکمل سماعت کے عمل کے بعد اور معاملے میں شامل تمام اسٹیک ہولڈرز کے خیالات کو مدنظر رکھتے ہوئے حارث رئوف کا سینٹرل کنٹریکٹ یکم دسمبر 2023 ءسے ختم کر دیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ذرائع کا کہنا ہے کہ حارث رئوف کو30 جون 2024 ءتک کسی بھی غیر ملکی لیگ میں کھیلنے کی این او سی جاری نہیں کیا جائے گا۔ پی سی بی انتظامیہ نے 30 جنوری 2024 ء کو انصاف کے اصولوں کے مطابق حارث کو رئوف سماعت کا موقع فراہم کیا تھا۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق تاہم حارث رئوف کا جواب غیر تسلی بخش پایا گیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے کھیلنا کسی بھی کھلاڑی کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ کسی بھی طبی رپورٹ یا معقول وجہ کی عدم موجودگی میں پاکستان کے ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بننے سے انکار سینٹرل کنٹریکٹ کی خلاف ورزی ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ ماہ جنوری 2024ء میں میڈیا میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ حارث رؤف نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے انکار پر ہونے والی تنقید سے دلبرداشتہ ہوکر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ پر غور شروع کردیا تھا۔









