280

پی ٹی آئی نے عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کردیا

پاکستان تحریک انصاف نے مطالبہ کیا ہے کہ بانی چیئرمین عمران خان کے خلاف تمام مقدمات کی کارروائی کو آئینی و قانونی تقاضوں کے تحت آگے بڑھاتے ہوئے ان جھوٹے اور لغو کیسز کا خاتمہ کر کےان کی رہائی کے احکامات جاری کیے جائیں۔

تفصیل کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کے مقدمات کے حوالے سے قانونی ٹیم نے کور کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دی۔

پی ٹی آئی کور کمیٹی نے بانی چیئرمین عمران خان کو جعلی مقدمات میں بغیر کسی قانونی و آئینی جواز کے پابند سلاسل رکھنے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ توشہ خانہ اور سائفر جیسے جھوٹے مقدمات کے غیر منصفانہ اور بدترین ٹرائل کے بعد عجلت میں سنائی جانے والی سزاؤں سے عمران خان کو نشانہ انتقام بنانے کے ریاستی عزائم پوری طرح آشکار ہو چکے ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کو غیرآئینی سزائیں سنانے کے سیاہ عدالتی فیصلوں کے خلاف اپیلوں کی کارروائی کو بلاجواز تاخیری حربوں کی نذر کیا جا رہا ہے۔ بانی چیئرمین کے خلاف تمام مقدمات کی کارروائی کو آئینی و قانونی تقاضوں کے تحت آگے بڑھاتے ہوئے ان جھوٹے اور لغو کیسز کا خاتمہ کر کے عمران خان کی رہائی کے احکامات جاری کیے جائیں۔

کور کمیٹی نے سابقہ خاتون اول بشریٰ بی بی کی صحت اور زندگی کو لاحق خطرات اور ان کی سیکیورٹی کے حوالے سے شدید تحفظات کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ ان کی مرضی کے خلاف بنی گالہ سب جیل میں قید رکھنے اور ان کی جان کو خطرے میں ڈالنے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

اجلاس میں کہا گیا کہ بشریٰ بی بی کو فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی اور ان کی صحت اور زندگی کو لاحق خطرات کے فوری ازالہ کا مطالبہ کرتے ہیں۔اعلامیے میں کہا گیا کہ پنجاب کے مختلف حلقوں میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل غیر آئینی ہے۔ 8 فروری کے بعد نئے سرے سے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈال کر تحریک انصاف کی آئینی نشستیں چھین کر غیر قانونی طور پر ن لیگ کو دی جا رہی ہیں۔ تحریک انصاف کے امیداروں کے پاس موجود حقیقی فارم 45 کی روشنی میں ان تمام حلقوں کا بھی آڈٹ کیا جائے اور تحریک انصاف کی چوری شدہ تمام نشستیں آئین و قانون کے مطابق واپس کی جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں