وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کا شکوہ درست ہے کہ 9 مئی کے واقعات کی درست پراسیکیوشن نہیں ہو سکی۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ 9 مئی میں ملوث افراد کا آرمی ایکٹ کے تحت ٹرائل کرنے دیا جاتا تو 30 دن کے اندر فیصلے ہو جاتے، مگر سپریم کورٹ نے اس میں اسٹے دے دیا تھا۔
رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ 9 مئی واقعے کیلئے بانی پی ٹی آئی ایک سال سے تیاری کر رہا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس کو چاہیے کہ اس کے ملزموں کو سزا میں تاخیر کا نوٹس لے کر ٹرائل کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دورکریں۔ فارمیشن کمانڈرزکانفرنس کا مطالبہ بھی اسی طرف ہے۔









