نسیم شاہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری شیئر کی جس میں دکھایا گیا، شدید طوفان اور مسلسل بارش جو فلوریڈا میں لاڈر ہل کے مقام کے قریب واقع ہوٹل کو تباہ کر رہی ہے اور ممکنہ طور پر پاکستان کے ورلڈ کپ کے اہم میچ کو بھی متاثر کرسکتی ہے۔
پاکستان آئرلینڈ کا میچ پاکستان کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے اور خاص طور پر داؤ پر لگا ہوا ہے کیونکہ بارش کی وجہ سے میچ میں کسی قسم کی رکاوٹ یا ترک کرنے کے نتیجے میں پاکستان ورلڈکپ سے باہر ہوسکتا ہے۔
اس وقت ٹی20 ورلڈ کپ میں بابر اعظم کی ٹیم کو کرو یا مرو کی صورتحال کا سامنا ہے، ٹورنامنٹ کے سپر 8 مرحلے میں اپنی جگہ محفوظ کرنے کے لیے واضح نتیجے کی ضرورت ہے۔
اس کے علاوہ 14 جون کو شیڈول یو ایس اے بمقابلہ آئرلینڈ میچ بھی فلوریڈا میں ہونے والا ہے، اور اس میچ کے دوران بھی بارش متوقع ہے، اگر اس میچ میں میزبان ٹیم آئرلینڈ کو ہرا دیتی ہے یا بارش نے کھیل کو بے نتیجہ ہونے پر مجبور کیا تو ٹی20 ورلڈکپ میں پاکستان کا مشکل سفر ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائے گا۔
نسیم شاہ کی سوشل میڈیا پوسٹ نے پاکستانی مداحوں کے لیے مزید تناؤ پیدا کر دیا ہے۔ بابر اعظم کے جوانوں کی قسمت اب موسم پر منحصر ہے۔
شائقین موسم کے بارے میں ٹورنامنٹ کے منتظمین کی جانب سے باضابطہ اپ ڈیٹس کا بےصبری سے انتظار کررہے ہیں، اس امید کے ساتھ کہ پاکستان کو اپنا آخری میچ کھیلنے کا موقع ملے گا۔









