راولپنڈی: عدت میں نکاح کےکیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد ہوگئی۔
اڈیالہ جیل میں عدت میں نکاح کےکیس کی سماعت سینیئر سول جج قدرت اللہ نےکی۔
فرد جرم سینیئر سول جج قدرت اللہ نے پڑھ کر سنائی، دونوں ملزمان کی جانب سے صحت جرم سے انکار کیا گیا۔
فرد جرم کے وقت بانی پی ٹی آئی کمرہ عدالت میں موجود تھے، عدالت نے بشریٰ بی بی کی غیر موجودگی پر اظہار برہمی کیا۔
وکلاء صفائی نے بشریٰ بی بی کی درخواست استثنیٰ منظورکرنےکی استدعا کی جسے عدالت نے خارج کردیا۔
عدالت کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کو آج طلب کیا تھا وہ کس کی اجازت سے کمرہ عدالت سے چلی گئیں؟ عدالت نے جیل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ پتہ کریں بشریٰ بی بی جیل میں کب داخل ہوئیں اور وہ باہرکب گئیں۔
جیل انتظامیہ نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی 11:30 پر داخل ہوئیں اور 1:45 پر چلی گئیں۔









