پاکستان تحریک انصاف نے مخصوص نشستوں کے حصول اور بلے کے نشان کی واپسی سے متعلق کوششیں تیز کردیں، دونوں معاملات پر الیکشن کمیشن سے رجوع کرلیا گیا۔
سنو نیوز ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کے لئے بھی پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے رابطہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے بیرسٹر گوہر خان نے آج الیکشن کمیشن حکام سے ملاقات کی ہے۔
اس اہم ملاقات میں بیرسٹر گوہر علی خان نے آزاد امیدواروں کی تحریک انصاف میں شمولیت پر تفصیلی گفتگو کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن حکام نے کہا کہ قانونی طور پر انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کے بعد بلے کا نشان پی ٹی آئی کو مل جائے گا۔
الیکشن کمیشن حکام نے بیرسٹر گوہر خان سے کہا کہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کسی بھی وقت کرا سکتی ہے۔ پی ٹی آئی نے نئے انٹرا پارٹی انتخابات کرانے پر مشاورت شروع کردی ہے۔ بیرسٹر گوہر خان بانی چیئرمین عمران خان سے حتمی مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے ۔
خیال رہے کہ 13 جنوری 2024ء کے روز سپریم کورٹ آف پاکستان نے پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے پی ٹی آئی سے بلے کا انتخابی نشان چھین لیا تھا۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے فیصلہ پڑھ کر سنا تے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن 2021 ء سے پی ٹی آئی کو انتخابات کرانے کا کہتا رہا لیکن سیاسی جماعت نے اس کے آئین کے مطابق انتخابات نہیں کرائے۔ یہ نہیں کہا جا سکتا کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کو ٹارگٹ کر رہا ہے۔









