269

آٹھ فروری والے دن مخالفین کو بڑا دھچکا لگے گا: عمران خان

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ کسی کو اندازہ نہیں کہ 8فروری کو کیا ہونے والا ہے، الیکشن والے دن لوگ اپنا غصہ نکالیں گے اور ان کو بڑا دھچکا لگے گا۔

عمران خان کا اڈیالہ جیل میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت میں کہنا تھا کہ نواز شریف انتخابی مہم چلانے کے لیے نکلا ہے۔ بتائیں 16 ماہ تک کن ریلو کٹوں کی حکومت تھی۔ 16 ماہ میں معیشت کا بیڑا غرق کر دیا گیا۔ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ بیرونی خسارہ تھا جو یہ چھوڑ کر گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے گروتھ ریٹ 6اعشاریہ 7 فیصد پر چھوڑا ، جو انہوں نے صفر کر دیا۔ ہمارے دور میں مہنگائی 12 اعشاریہ چار فیصد تک گئی ، جو یہ 38 فیصد تک لے گئے ۔ ہمارے دور میں دہشتگردی نیچے آئی ۔ غنی حکومت سے ہمارے اچھے تعلقات تھے ، انہوں نے ا ٓکر افغانستان سے بھی تعلقات تباہ کر دیے۔ ان کی فارن پالیسی کی وجہ سے پاکستان تنہا ہو گیا۔

پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان نے کہا کہ اتنا کچھ کرنے کے باوجود ان کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں۔ یہ عوام سے ڈرے ہوئے ہیں۔ میں قوم کو جانتا ہوں ، کوئی عوام کو شکست نہیں دے سکتا۔

ایران کی جانب سے پاکستان میں دراندازی کے معاملے پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایران نے حملہ کر کے غلط کیا، ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔ ایران کا دشمن اسرائیل کوشش کرے گا کہ ہمارے تعلقات خراب ہوں۔ پاکستان کی معیشت اس وقت بیٹھی ہوئی ہے، ان حالات میں ہمیں تنازعات میں نہیں پڑنا چاہیے۔ ہمسایوں کو بدل نہیں سکتے۔ ہندوستان سے بھی ہم نے دوستی کی پوری کوشش کی تھی۔ افغانوں کو نکال کر ہم نے نفرت کو بڑھایا۔ تمام مسائل کا حل صاف اور شفاف انتخابات ہیں۔بندوقوں سے مسائل حل نہیں ہوتے ، سیاسی حکومت سیاسی حل ڈھونڈتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں