238

این اے 119 سے پی ٹی آئی امیدوار مہر وسیم، مریم نواز کے حق میں دستبردار

لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 119 سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار مہر محمد وسیم مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز سے ملاقات کے بعد ان کے حق میں دستبردار ہوگئے اور کارکنوں سمیت ن لیگ میں شمولیت اختیار کرلی۔

مہر محمد وسیم نے اپنے ساتھیوں سمیت مریم نواز سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پرویز رشید، مریم اورنگزیب، علی پرویز ملک، خواجہ عمران نزیر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کے قومی اور صوبائی اسمبلی کے امیدوارمہر محمد وسیم اورحامی مریم نواز کے حق میں دستبردار ہوگئے اور ن لیگ میں شمولیت اختیار کی۔

مہر محمد وسیم اور ان کے ساتھیوں نے حلقے میں مریم نواز کی حمایت کا اعلان کیا۔

مریم نواز نے مہر محمد وسیم اور ان کے ساتھیوں کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ آپ نے ترقی کے قافلے میں شمولیت اختیار کرلی ہے، 2018 سے 2022 تک نااہلی کا اثر پورے پاکستان نے دیکھا اور بھگتا۔

انہوں نے کہاکہ سیاسی مخالفین کو رلانے کی خواہش رکھنے والوں کے پیدا کردہ مسائل کے باعث آج پورا پاکستان رو رہا ہے۔

مہر وسیم اور ان کے ساتھی 25 جنوری کوجلسے میں باضابطہ مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کریں گے اور مریم نواز بھی جلسے میں شرکت کریں گی۔

دوسری جانب مریم نواز سے حلقے کے بلدیاتی نمائندوں نے بھی ملاقات کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں