پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک ) کی سیکیورٹی پر چین نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چین کے نائب وزیر خارجہ سن وی ڈونگ نے جی ایچ کیو کا دورہ کرکے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات کی ۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں شخصیات نے دو طرفہ دفاعی تعاون کو مزید بڑھانے کے حوالے سے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی نائب وزیر خارجہ سن وی ڈونگ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین ہر موسم کے تذویراتی شراکت دار ہیں۔
چینی نائب وزیر خارجہ سن وی ڈونگ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف جبکہ سی پیک منصوبوں کے لیے سیکیورٹی انتظامات پر چین کی جانب سے اطمینان کا اظہار کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس موقع پر معزز مہمان سے گفتگو میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات دونوں ممالک کے عوام کے لیے علاقائی امن، استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ فہم پر قائم ہیں۔
خیال رہے کہ پاک چین دوستی کی لازوال مثال سی پیک منصوبے کو 10 دس سال مکمل ہوگئے ہیں۔ 2013 ء میں پاک چین دوستی کو مزید بلندیوں پر لے جانے کے لئے سی پیک منصوبے کی بنیاد رکھی گئی تھی۔ سال 2023 ء میں سی پیک منصوبے کو ایک دہائی مکمل ہو چکی ہے۔
پاکستان کے دورے پر آئے چینی نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ نے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے بھی ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے چینی نائب وزیر خارجہ اور ان کے وفد کے ارکان کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے سدا بہار سٹریٹجک پارٹنر شپ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت کے دوران صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی چیانگ کی گرمجوشی نے بہت متاثر کیا۔









