پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ فوج پی ٹی آئی کیساتھ ہے۔ جو مرضی کر لیں، انتخابی نشان تک لے لیں لیکن یہ ہمیں شکست نہیں دے سکتے۔
بانی پی ٹی آئی کا اڈیالہ جیل میں میڈیا سے بات چیت میں کہنا تھا کہ 9 مئی سے متعلق کوئی آزادانہ انکوائری نہیں ہوئی۔ نگران حکومت اورالیکشن کمیشن ملے ہوئے ہیں۔ فوج پی ٹی آئی کے ساتھ ہے۔ یہ جو مرضی کر لیں ، انتخابی نشان لے لیں۔ہمیں الیکشن کیں ہرا نہیں سکتے۔
عمران خان نے کہا کہ ایسی پری پول دھاندلی تاریخ میں کبھی نہیں ہوئی۔ا نہوں نے 8 فروری کو بھی دھاندلی کرنی ہے۔ دھاندلی کے باوجود ضمنی انتخابات ہارنے پر یہ پی ٹی آئی کو فیلڈ نہیں دے رہے۔ میرا ہاتھ عوام کی نبض پر ہے۔ عوام کا غصہ 8 فروری کو نکلے گا۔ میری ایک ہی ڈیل ہے اور وہ ہے صاف اور شفاف انتخابات کرائیں اور جمہوریت لائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ملک کو نقصان پہنچانے والے ہیں۔ یہ الیکشن نہیں آزادی کی جدوجہد ہے۔ میں نے پوسٹل بیلٹ کے لیے اپلائی کر رکھا ہے۔ سنا ہے انہوں نے دفعہ 144 کا نفاذ کر دیا ہے۔ اس کا نفاذ میرے اتوار کو الیکشن مہم شروع کرنے کے بیان کے بعد کیا گیا۔ اب دیکھ لینا پی ٹی آئی کو جلسے اور ریلیوں کی اجازت نہیں ملے گی۔









