پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میں اقتدار کیلئے کسی سے مذاکرات نہیں کروں گا، لیکن صاف اور شفاف انتخابات کیلئےاس پر تیار ہوں۔
اڈیالہ جیل میں اپنے کیسز کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ ایک مفرور کو وی آئی پی پروٹوکول دیا جا رہا ہے۔ یہ سب ایک ہیں ۔ پی ڈی ایم نے مل کر حکومت بنائی تھی تو ہم حکومت بنانے میں پیپلز پارٹی کا ساتھ کیوں دیں گے؟سیاسی اتحاد صرف ایم ڈبلیو ایم اور جے یو آئی شیرانی کے ساتھ ہو سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اعظم خان کو 40 روز تک اغوا کرکے رکھا گیا اور خاور مانیکا کو دباؤ میں لایا گیا۔ دوسری جانب میڈیا کے ساتھ جو ہو رہا ہے، اس کی بھی مثال نہیں ملتی۔ میڈیا کو مکمل طور پر کنٹرول کر لیا گیا ہے۔ 25 مئی 2023 ء کے بعد سےہماری جماعت کو کرش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔









