پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نواز شریف کو سی پیک کا چور قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس پراجیکٹ کے بانی آصف زرداری ہیں۔
ملتان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے الزام لگایا کہ موٹر وے میں چوری کرکے ایون فیلڈ کے اپارٹمنٹ بنائے جاتے ہیں۔ یہ ہر چیز چوری کرتے ہیں ، اس لیے گلی گلی میں شور ہے کے نعرے لگتے ہیں۔ ان کا مقصد چوتھی بار کرسی پر بیٹھنا ہے یہ سمجھتے ہیں میچ فکس کیا ہے، عوام سے کہتا ہوں آٹھ فروری کو تیروں کی بارش کریں گے، مل کر شیر کا شکار کریں گے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف اب عوام کو بےوقوف نہیں بنا سکتے، وہ گھر سے نکلتے نہیں اور الیکشن جیتنے کے خواب دیکھتے ہیں۔وہ سمجھتے ہیں خود بخود عام انتخابات جیت جائیں گے۔میں عوام کا شکر گزار ہوں میں جہاں گیا میرا پرتپاک اور والہانہ استقبال کیا گیا۔ الیکشن 8 فروری کو ہیں، لیکن عوام نے آج ہی اپنا فیصلہ سنا دیا۔ملتان کے لوگوں کی وفاداری کو سلام پیش کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مہنگائی اور بے روزگاری بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔ پاک فوج اور پولیس کی قربانیوں سے جن دہشتگردوں کو ختم کیا، آج وہ دہشتگرد دوبارہ سر اٹھا رہے ہیں۔ ایک سیاسی جماعت نے ہمارے اداروں اور معاشرے کو تقسیم کیا، آج ہمارے یہاں بھائی بھائی سے لڑ رہے ہیں۔
پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ہم تقسیم اور نفرت کی سیاست کو دفنا دیں گے، ہم پورے ملک کو جوڑیں گے۔ ہم مل کر معاشی چیلنجوں کا مقابلہ کریں گے۔ ہم عوام کیساتھ مل کر بے روزگاری، غربت اور مہنگائی کا مقابلہ کریں گے۔ غربت کا خاتمہ کرکے ہم ایک خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان بنائیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم نے اہم مسائل کو اجاگر کرکے ان کا منشور کا بنایا ہے۔ کسانوں کو کارڈ کے ذریعے براہ راست سبسڈی دیں گے۔ غریب عوام کو 300 یونٹ تک بجلی مفت دیں گے۔ جبکہ جنوبی پنجاب سے وزیر اعلیٰ بنواؤں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن اور نواز شریف اب مزید عوام کو بےوقوف نہیں بنا سکتے۔عوام آٹھ فروری کو نکلیں اور میاں نواز شریف کا راستہ روکیں۔ عوام اپنا ووٹ ضائع نہ کریں بلکہ سوچ سمجھ کر اس کا استعمال کریں۔ ہم مل کر شیر کو شکار کریں گے۔









