اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو سائفر کیس میں سزا کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے بنچ مارک KSE -100 انڈیکس میں 931 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کی ویب سائٹ کے مطابقKSE -100 انڈیکس 931 پوائنٹس یا 1.48 فیصد کمی کے بعد اکسٹھ ہزار 841 پر آگیا، جو گذشتہ دن یعنی پیر کے روزباسٹھ ہزار 773 پر بند ہوا تھا۔
گذشتہ روز KSE-100 انڈیکس 1039 پوائنٹس یا 1.63 فیصد تنزلی ہوئی تھی۔ گذشتہ ہفتے کے آخری کاروباری روز 26 جنوری2024ء کوبنچ مارک KSE-100 انڈیکس 484 پوائنٹس کمی ہوئی تھی، جبکہ اس سے ایک دن قبل 25 جنوری کو انڈیکس 524 پوائنٹس نیچے ڈراپ کر گیا تھا۔
لیکن 24 جنوری2024ء کو پاکستان اسٹاک ایکسچ چینج میں زبردست تیزی دیکھی گئی اور انڈیکس 368 پوائنٹس یا 0.57 فیصد اضافے کے بعد چونسٹھ ہزار 822 پر جا پہنچا تھا۔
خیال رہے کہ گذشتہ سال 2023 ء میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کیلئے اچھا سال ثابت ہوا تھا، جس کی شروعات کیساتھ اختتام بھی مثبت رجحان پر ختم ہوا تھا۔
2 جنوری 2023 ء کے روز KSE-100 انڈیکس 40 ہزار 420 پوائنٹس پر تھا، جو بزنس کے اینڈ تک 395.45 پوائنٹس اضافے کے بعد چالیس ہزار 815 پر پہنچ گیا تھا۔2023 ء کے آخری کاروباری دن انڈیکس 62 ہزار 451 کی سطح پر بند ہوا تھا، اس طرح گذشتہ سال بنچ مارک KSE-100 انڈیکس میں 22 ہزار 31 پوائنٹس یا 54.50 فیصد اضافہ ہوا تھا۔
2022 ء پاکستان اسٹاک ایکس چینج کیلئے دباؤ سے بھرپورسال ثابت ہوا تھا۔بنچ مارک KSE-100 انڈیکس میں 2021 ء کے مقابلے میں 9.4 فیصد کمی کے بعد چالیس ہزار 420 پوائنٹس کے ساتھ اختتام پذیر ہواتھا۔









