مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوان ہمارے ساتھ ہیں۔ 9 فروری کو ملک میں خوشحالی کا سورج چمکے گا۔
کھڈیاں میں انتخابی جلسے سے خطاب میں میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ نوجوان پاکستان اور مسلم لیگ ن کے ساتھ ہے۔ پاکستانی قوم کے حالات بدلنے والے ہیں۔ مجھے نہ نکالا جاتا تو آج کوئی بے روزگار نہ ہوتا۔ہم نے ٹھوکریوں اور مشکلوں سے باہر نکلنا ہے۔ہم نے ایشین ٹائیگرز بننا ہے۔یوتھ کا جذبہ پاکستان میں انقلاب لائے گا۔
میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ کھڈیاں کی سڑکیں پیرس کی سڑکوں کو مات دیں گی ۔ یہاں دانش سکولز بنائیں گے۔ یہاں کے عوام کا کیا قصور ہے، ان کو بھی یونیورسٹی ملنی چاہیے۔ قصور بھی ہمارا سوہنا شہر ہے اس کو بھی یونیورسٹی ملنی چاہیے۔ شہباز شریف صاحب یہا ں کے عوامکو خوبصورت اسٹیدیم دیں۔ نوجوانوں کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ اورکمپیوٹر ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ 9 فروری کا سورج خوشحالی کا پیغام لے کر آ رہا ہے۔ نواز شریف کے دور میں ملک خوشحال تھا، یہ دھرنوں میں مصرف تھے، ہم گیس بجلی دینے میں مصروف تھے۔ یہ دھرنوں میں مصروف تھے، ہم کسانوں کو قرضے دے رہے تھے۔ یہ دھرنوں میں تھے اور ہم موٹر ویز بنا رہے تھے۔
مسلم لیگ ن کے قائد نے کہا کہ آج تو کھڈیاں میں جشن کا اہتمام ہے۔ مجھے پتہ ہے میرے نوجوان یہاں مجھے “آئی لو یو” کہہ رہے ہیں۔ آپ کے جذبات کو سلام ہے۔ آپ کے جذبات سے دس گنا زیادہ کہتا ہوں ، “آئی لو یو”۔
انہوں نے کہا کہ ان سب لوگوں کو پتہ ہے کہ کھڈیاں کی تقدیر بدلنے والی ہے۔ شہباز شریف صاحب آپ آج وعدہ کر کے جائیں کہ آپ کھڈیاں کو کیا دے کر جا رہے ہیں؟ کھڈیاں آئے ہیں تو کھڈیاں کی تقدیر بدلنی چاہیے اور ان کو نوکریاں ملنی چاہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر نواز شریف کو نہ نکالا جاتا میں دعویٰ کرتا ہوں سب کے پاس باعزت روزگار ہوتا ۔ کھڈیاںمیں ایک دانش سکول آئے گا۔ کھڈیاں کی سڑکیں موٹروے بھی اچھی ہوں گی ۔ نواز شریف کے دور میں ٹریکٹر 8 لاکھ کا ملتا تھا، اب 38 لاکھ کا ملتا ہے۔ آپ لوگوں کو ٹیوب ویل سولر پینل پر لگا کر دیں۔ نوجوان اور خواتین کو لیپ ٹاپ بھی دیں گے اور باعزت روزگار بھی دیں گے۔
نواز شریف نے کہا کہ پچاس لاکھ گھر دے رہے تھے، کیا کسی ایک کو گھر ملا؟ لاکھوں نوکریاں دینے کا کہا تھا ، کیا کسی کو نوکری ملی؟ کہاں گئے وہ مرغیاں، انڈے اور کٹے بچھے؟ میرے دور میں موٹر سائیکل 70 ہزار کا ملتا تھا آج ڈھائی لاکھ کا ہو گیا ہے۔ یہ سب فراڈ لوگ تھے ، ہم نے ان فراڈیوں کو پاکستان میں نہیں آنے دینا ۔ آپ سب ہمارے کندھے سے کندھا ملا کر ملک کی ترقی کے لیے کام کریں گے۔









