وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معاشی صورتحال پاکستان کے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، رونے دھونے سے کچھ نہیں بدلے گا، چیلنج قبول کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہے، ماضی سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہوگا، ڈیفالٹ سے بچانے کی بنیاد ہم رکھ کر گئے تھے نگران معاشی ٹیم نے محنت سے اس کو آگے بڑھایا، شمشاد اختر کی میرٹ پالیسی سے بہت متاثر ہوں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت معاشی صورتحال اور ایف بی آر کی آٹومیشن پر اجلاس ہوا، جس میں معاشی نظام کی اصلاح اور حکومتی اخراجات میں کمی کیلئے جامع سفارشات طلب کرلی گئیں، اس موقع پر وزیراعظم نے ایف بی آر کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن اور آٹومیشن کےعمل کے فوری آغازکی ہدایت کردی، انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن کیلئے دنیا کا بہترین ماڈل اپنایا جائے، ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کیلئے میرٹ پر قابل لوگ لائے جائیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ وزارت داخلہ سمگلنگ کے خاتمے کیلئے پوری قوت سے کام کرے گی، مسلح افواج بھرپور معاونت کریں گی اور میں خود اس کی نگرانی کروں گا کیوں کہ موجودہ معاشی صورتحال پاکستان کے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، ماضی میں جو ہوگیا اس سے ہم سبق سیکھ کر آگے بڑھیں کیوں کہ رونے دھونے سے کچھ نہیں بدلے گا بلکہ چیلنج کو قبول کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ادھار کی زندگی سے نجات حاصل کرنے کی راہ اختیار کرنا ہوگی، ملک کو درپیش حالات کے سب ذمہ دار ہیں اور قابل لوگ ہر جگہ ہیں آج درست راستے پر سفرشروع کیا تو جلد کامیابی کی منزل سے ہمکنار ہوں گے، پیشہ ورانہ قابلیت رکھنے والے افسران کوانعامات دیں گے، ریونیو دینے اور غیرمعمولی ریونیوجمع کرنے والوں کو انعام دینے پر غور ہے۔









