256

چین پاکستان آہنی بھائی، مل کر آگے بڑھیں گے: وزیراعظم

وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان، چین مشترکہ ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر آگے بڑھیں گے۔ دونوں ممالک نے 70 سال پر محیط دوستی کو تمام حالات میں “آہنی بھائیوں” کی طرح نبھایا ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یہ بات وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد کسی بھی غیر ملکی میڈیا کو دیا گئے پہلے انٹرویومیں کہی۔ انہوں نے چین کی شِنہوا نیوز ایجنسی کو خصوصی انٹرویو دیا جس میں وسیع موضوعات پر گفتگو کی گئی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان سی پیک کے دوسرے مرحلے کی طرف بڑھنے کیلئے تیار ہے۔پاکستان، چین متحد ہو کر مشترکہ اقدار کے ساتھ مشترکہ ترقی اور خوشحالی کے مقاصد کو حاصل کریں گے۔ صدر شی جن پنگ کی پاکستان کے لیے مسلسل حمایت کی دل کو گہرائیوں سے سراہتے ہیں۔

محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو چینی جدیدت کے ماڈل کی تقلید کرنی چاہیے، یہ ایک عظیم کامیابی کا نمونہ ہے۔ چین نے کروڑوں لوگوں کو غربت سے نکالا اور تعلیم، صحت، طبی سہولیات اور روزگار تک رسائی فراہم کی۔

ان کا کہنا تھا کہ چیلنجوں کے باوجود، چین کی ترقی دوسرے ممالک کے مقابلے میں بتدریج آگے بڑھ رہی ہے۔ غربت کے خاتمے، ملازمتوں کی فراہمی، ری افراد کو گاؤں، قصبوں اور شہروں، زراعت اور صنعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر پلیٹ فارمز میں کاروبار شروع کرنے کے لیے اس ماڈل کو ملک میں نقل کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی) انتہائی بصیرت والا منصوبہ ہے جو غربت کا خاتمہ اور سرمایہ کاری بڑھا رہا ہے۔ پاکستان سی پیک کے دوسرے مرحلے کی طرف بڑھنے کیلئے تیار ہے۔ چین ہائی ٹیک، اعلیٰ معیار کی پیداوار کی طرف بڑھ رہا ہے تو پاکستان بھی مستقبل میں جدید ٹیکنالوجی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صنعتی اور زرعی شعبوں کو اپنی طرف راغب کرے گا۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ سی پیک خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ساتھ کام کر رہا ہےجس کا مقصد سرخ فیتے کا خاتمہ، تاخیری حربوں اور رکاوٹوں کو دور کرنا ہے۔ پاکستان صنعتی پارکس اور ایکسپورٹ زونز بنانے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے اور چینی تاجروں کو چینی ٹیکنالوجی اور پاکستان کی نسبتاً سستی افرادی قوت کے امتزاج سے ٹیکسٹائل، سٹیل یا دیگر شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کو قائم کرنے کے لیے راغب کرنا چاہتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں