ملک بھر میں آج یوم پاکستان قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ تمام صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
یوم پاکستان کی مناسبت سے آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے اور اسلام آباد کے شکر پڑیاں گراؤنڈ میں مسلح افواج کی پریڈ جاری ہے جس میں صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور مسلح افواج کے سربراہان بھی شریک ہیں۔
یوم پاکستان پریڈ میں جنگی ہتھیاروں کی نمائش کے ساتھ ساتھ پاکستان ائیرفورس کے جدید ترین طیارے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ اور فوجی دستے سلامی پیش کریں گے، مسلح افواج کی پریڈ دیکھنے کے لیے عوام کی بڑی تعداد بھی شکر پڑیاں گراؤنڈ میں موجود ہے۔









