وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ‘نواز شریف کسان کارڈ’ کی منظوری دے دی۔ کسان کارڈ کے ذریعے 5 لاکھ چھوٹے کاشتکارو ں کو آسان شرائط پر ایک سال میں 150 ارب روپے کا قرضہ دیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کسانوں کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لئے کوشاں ہیں۔ اس سلسلے میں دوسرے روز بھی پنجاب میں زرعی اصلاحات کے لئے خصوصی اجلاس ہوا جس میں پنجاب سیڈ کارپوریشن اور پنجاب ایگری ریسرچ بورڈ کی تشکیل نو کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بریفننگ میں بتایا گیا کہ کسانوں کو دو سال میں 7 ارب روپے کی لاگت سے 24800 جدید ترین زرعی آلات دیئے جائیں گے۔ زرعی زمین کو رہائشی مقاصد کے استعمال کو روکنے کیلئے قانون لانے کی تجویز کاجائزہ لیا گیا۔ ایگریکلچرل ایکسٹنشن ونگ کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے اور 500 ایگریکلچر گریجوایٹس کی بھرتی پر اتفاق کیا گیا۔
پنجاب میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا نواز شریف کسان کارڈ پراجیکٹ، بہترین بیج، کھاد اور کیڑے مار ادویات کی خریداری کیلئے کاشتکاروں کو 30 ہزار روپے فی ایکڑ زرعی قرض دیا جائے گا۔نواز شریف کسان کارڈ کے ذریعے مختلف اقسام کی سبسڈی بھی دی جائے گی۔ پنجاب بھر میں نجی شعبے کے اشتراک سے ماڈل ایگریکلچر سنٹرز ( MAC) بنائے جائیں گے۔ ماڈل ایگریکلچر سنٹرز پر جدید زرعی مشینری، ٹریننگ، پیسٹی سائیڈ بیج اور نمائشی پلاٹ بنائے جائیں گے۔









