گوادر میں نامعلوم مسلح افراد نے سربندر میں فش ہاربر جیٹی کے قریب رہائشی کوارٹر میں سوئے ہوئے 7 افراد کو قتل کر دیا جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق جاں بحق و زخمی افراد کا تعلق پنجاب کے ضلع خانیوال سے بتایا جاتا ہے۔ لاشیں اور زخمی کو گوادر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جاں بحق و زخمی افراد سربندر میں سیلون (حجام) کے دکان میں کام کرتے تھے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے گوارد میں دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کی اور بہیمانہ واقعہ میں 7 افراد کے قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ محسن نقوی نے مقتولین کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ معصوم لوگوں کی جانوں سے کھیلنے والے درندے انسان کہلانے کے حقدار نہیں۔ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں









