دوسرا ٹی ٹوینٹی،پاکستان نے پہلے ٹی ٹوینٹی میچ کا بدلہ لے لیا،دوسرے میچ میں آئرلینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست۔
پاکستان نے 194 رنز کا ہدف 16،5 اوور میں حاصل کیا،پاکستان کو اوپننگ میں مشکلات کا سامنا رہا،صائم ایوب 6 جبکہ بابراعظم 0 رن پر پویلین لوٹ گئے۔
اس نازک صورت حال میں فخرزمان اور محمد رضوان نے بیک وقت جارحانہ اور ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا،پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور محمد رضوان نے آئرش گیندبازوں پر خوب لاٹھی چارج کیا۔
فخر زمان 6 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 78 رنز بناکر کیچ آئوٹ ہوئے،اعظم خان نے 4 چھکوں کی مدد سے 30 رنز بنائے اور میچ کو فنش کیا۔
محمد رضوان 6 چوکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 75 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔تین میچز کی سیریز ایک ایک میچ سے برابر ہوگئی ہے ۔
ڈبلن میں کھیلے جانے والے میچ میں آئرلینڈ کی اوپننگ جوڑی 34 رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئی،دونوں بلے بازوں کو شاہین شاہ آفریدی نے آئوٹ کیا۔
آئرلینڈ کے کپتان لورکان ٹکر نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے نصف سنچری بنائی جس کی بدولت آئرلینڈ کو سنبھلنے کا موقع ملا،آئرش کپتان نے 34 گیندوں پر 5 چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے 51 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے محمد عامراور نسیم شاہ نے 1،1 جبکہ عباس آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں،شاہین شاہ آفریدی نے 3 وکٹیں حاصل کرکے 300 وکٹوں کا سنگ میل عبور کرلیا۔
شاہین آفریدی نے آئرلینڈ کے خلاف دوسرے ٹی20 میچ میں یہ سنگ میل عبور کیا۔
انہوں نے 300 وکٹیں 145 انٹرنیشنل میچز میں حاصل کیں۔شاہین آفریدی نے ٹیسٹ کرکٹ میں 113 جبکہ ون ڈے کرکٹ میں 104 وکٹیں حاصل کیں۔
اس کے علاوہ شاہین آفریدی ٹی20 انٹرنیشنلز میں 84 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
اس سے قبل دنیائے کرکٹ میں بڑا اپ سیٹ دیکھنے کو ملا ،آئرلینڈ نے پہلی مرتبہ پاکستان کو پہلےٹی ٹوینٹی میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
آئرلینڈ نے 183 رنز کا ہدف 19.5اوور میں5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا،اینڈریو بالبرنی نے 55گیندوں پر77 رنز کی اننگ کھیلی، گیرتھ ڈیلانی10،کرٹس کمیفر 15رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔
ہیری ٹیکٹر36، جارج ڈوکریل 24،پال اسٹرلنگ 8،لورکن ٹکر نے4 رنز بنائے۔پاکستان کے عباس آفریدی نے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا،شاہین آفریدی ،نسیم شاہ اور عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6وکٹوں کے نقصان پر182 رنز بنائے ،کپتان بابر اعظم 57، صائم ایوب 45 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔فتخار احمد 37،شاہین آفریدی14 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے ۔
فخر زمان 20،محمد رضوان 1 ، اعظم خان اور شاداب خان بغیر کوئی رنز بنائے آوٹ ہوئے ،آئرلینڈ کے کریگ ینگ نے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ۔گیرتھ ڈیلانی، مارک ایڈیئر نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی۔
آئرلینڈ اور پاکستان کے درمیان تیسرا میچ 14 مئی کو کھیلا جائے گا۔سیریز کے اختتام کے بعد، پاکستان کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے لیے روانہ ہو جائے گی جہاں وہ 4 ٹی 20 میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ یہ میچز 22 سے 30 مئی تک ہوں گے۔









