آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ قوم کی آزادی اور سلامتی اپنے بہادر جانبازوں کی قربانیوں کی مرہون منت ہے، وطن کےلیے جان قربان کرنے سے بڑھ کر کوئی شے عظیم نہیں ہے۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نےیہ بات جی ایچ کیو میں فوجی اعزازت دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ا س موقع پر شہدا کے لواحقین کو اعزازات سے نوازا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ایک تقریب میں جوانوں اور افسران کو فوجی اعزازوں سے نوازا۔ شہدا کے اعزازات ان کے لواحقین نے وصول کیے۔
اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ ہمارے شہدا درحقیقت قوم کے لیے امید اور استقامت کی کرن ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوم آزادی اور سلامتی ہمارے بہادر جانبازوں کی قربانیوں کی مرہون منت ہے۔
جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ شہدا اور غازی ہمارے قومی ہیرو ہیں اور ان کی قربانیاں ہمارا عزم مزید مضبوط کرتی ہیں۔
انہوں نے نے کہا کہ وطن کےلیے جان قربان کرنے سے بڑھ کر کوئی عظیم شے نہیں ہے۔
آرمی چیف نے شہدا اور غازیوں کے لواحقین کو خراج تحسین پیش کیا اور انہیں یقین دلایا کہ پاک فوج ہمیشہ ان کی مدد اور معاونت کے لیے تیار رہے گی۔









