بھارت کے ایوان زیریں لوک سبھا کے انتخابات میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے 24 جماعتی اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کے بھاری اکثریت سے جیت کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔
لوک سبھا کے ساتویں اورآخری مرحلے کیلئے 8 ریاستوں کی 57 نشستوں پر یکم جون کو ووٹنگ ہوئی تھی اور اس کے ساتھ ہی انتخابات کا مرحلہ ختم ہوگیا تھا۔
لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں کے انتخابات کے بعد آج ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے اور بھارتی الیکشن کمیشن کی جانب سے بھی نتائج کا اعلان کیا جا رہا ہے جس نے سب کو حیران کردیا۔
این ڈے اے کیلئے 300 کا ہندسہ بھی عبور کرنا مشکل
لوک سبھا کی 543 نشستوں کے نتائج سامنے آنے کے بعد بھارتی میڈیا اور سرویز ایجنسیز کے ایگزٹ پول غلط ثابت ہوگئے اور بی جے پی اتحاد این ڈی اے بھاری اکثریت حاصل کرنے میں ناکام ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مودی کی سربراہی میں 24 جماعتی اتحاد این ڈی اے کو 292 نشستوں پر برتری حاصل ہے جس میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی 240سیٹیں شامل ہیں۔
بی جے پی نے انتخابی نعرہ ’اب کی بار 400 پار‘ لگایا تھا تاہم اب دائیں بازو کی جماعتوں کو 300 کا ہندسہ بھی عبور کرنے میں مشکلات درپیش ہیں۔









