راولپنڈی: (ویب ڈیسک) ضلع کرم کے علاقہ صدہ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دیسی ساختہ بم دھماکا ہوا، جس کے نتیجہ میں پانچ جوان شہید ہوگئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، شہداء میں حوالدار عقیل احمد، لانس نائیک محمد طفیر، سپاہی انوش رفون، سپاہی محمد اعظم خان اور سپاہی ہارون ولیم شامل ہیں۔
واقعے کے بعد علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمہ کے لیے سینٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری ہے تاکہ علاقے کو دہشت گردی کے خطرے سے پاک کیا جا سکے اور ملک میں امن و امان کی فضا کو یقینی بنایا جا سکے۔









